اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مضبوط پالیسیاں بنائی جائیں، قمر رضا

لندن: اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹھوس میکنزم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستان کی حکومت اوورسیز کو دل و جان سے نہ صرف چاہتی ہے بلکہ ان کی قدر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے مسائل حل کرنے اور انھیں عزت و وقار دینےکیلئے مستقل اور مضبوط پالیسیاں بنائی جائیں گی تاکہ رشوت سفارش کا کلچر جڑ سے اکھاڑ دیا جائے اور کسی ادارے کو اوورسیز سے بدتمیزی اور اخلاق سے گری حرکت کرنے کی جرأت نہ ہو۔ قونصلیٹ اور سفارت خانوں میں آئین و قانون کے مطابق کام ہوں،ا سٹاف بروقت مدد کرے اور ہر شہری کو عزت دی جائے، ائرپورٹس پر بھی اوورسیز کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سید قمر رضا نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام الناس کی خدمت اور اوورسیز پاکستانیوں کو متحد و منظم رکھنا ہے تاکہ اپنے ملک پاکستان کا نام اور مقام بلند کیا جائے، پاکستان میں سرمایہ کاری کی جائے تاکہ ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو جو ایک چیلنج ہے ، انہوں نے کہا پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔
قمر رضا نے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کو جس طرح اوورسیز پاکستانیوں نے منایا اور پاکستانی پرچم بلند کیا اسی انداز میں یوم دفاع بھی زور و شور سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اور اداروں کی قدر اور انہیں طاقتور بنانے میں کردار ادا کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



