پنڈدادنخان میں شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا

جہلم/ پنڈدادنخان: ملک بھر کی طرح پنڈدادنخان میں بھی شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور اُن کے رفقا کے چہلم کے موقع پر جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں شبیہ عَلم و ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے۔ عزاداروں کی نوحہ خوانی اور ماتم، جلوسوں کی گزر گاہوں پر پانی کی سبیلوں اور لنگر کا انتظام کیا گیا۔
اے کیٹیگری کے 2 اور سی کیٹیگری کے11، کل 13 جلوس برآمد ہوئے۔ پنڈدادنخان، کھیوڑہ اور گردونواح میں برآمد ہونے والے جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہو گئے، جلوسوں کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
چہلم امام حسین ؑ کے موقع پر جہلم پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے۔ 800 سے زائد پولیس افسران اور جوانوں نے سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی اور ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے پنڈدادنخان اور کھیوڑہ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن محمد حسیب راجہ ڈی ایس پیز سرکل ہائے اور ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



