سلطنت آف عمان آرمڈ فورسز ایکس سروس مین ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عظیم الشان کنونشن کا انعقاد


دینہ/ اسلام آباد: سلطنت آف عمان آرمڈ فورسز ایکس سروس مین ایسوسی ایشن (پاکستان )کے زیر اہتمام گرینڈ دیوان وینیوز اسلام آباد میں ایک عظیم الشان کنونشن کا انعقاد ہوا ، جس میں کراچی سے لے کر خیبر تک ہر شہر سے اس پروگرام میں شرکت کے لئے ممبران پہنچے۔
پروگرام کے ہوسٹ مظہر اقبال عباسی(سابق وارنٹ آفیسر)اور اس تنظیم کی سینئر قیادت نے کنونشن کے شرکاء کا والہانہ استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا۔ تلاوت قرآن کی سعادت منڈی بہاؤالدین سے آئے ہوئے رائل ایئر فورس کے سابق آفیسر محمد نواز ساہی کو حاصل ہوئی اور نعت رسول مقبول ﷺ پڑھنے کا شرف رائل ایر فورس کے وارنٹ آفیسر قاضی خالد کو ہوا۔
تنظیم کے چیئرمین (میجر ریٹائرڈ)محمد آمین ملک آف اٹک، وائس چیئرمین رائل آرمی کے سابق وارنٹ آفیسر محمد اشفاق عباسی آف (دیول) مری، جنرل سیکرٹری محمد یونس شیخ آف جہلم اورتنظیم کے پبلک ریلیشن آفیسر ملک محمد قیوم اعوان نے اس تنظیم کے سرپرست اعلیٰ ملک محمد فیض اور پروگرام کے میزبان مظہر اقبال عباسی کو خراج تحسین پیش کیا جن کی جدوجہد کی وجہ سے عظیم کنونشن کا انعقاد ممکن ہوا۔
کنونشن میں شریک کراچی تنظیم کے ڈویژنل مینیجر سید رحمت اللہ نے رائل نیوی آف عمان کے ممبران کی طرف سے، بنوں سے آئے ہوئے ڈیویژنل مینیجر دل نواز خان نے سلطنت عمان منسٹری آف ڈیفنس انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ممبران کی طرف سے، کراچی سے کنونشن میں شریک سابق وارنٹ آفیسر ساجد حسن نے رائل آرمی آف عمان کے ممبران کی طرف سے اور تنظیم کے ڈویژنل مینیجر سابق وارنٹ آفیسر قاضی خالد نے رائل ایئر فورس کے ممبران کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈائس پر آ کر پروگرام کے سر پرست اعلی ملک محمد فیض ، پروگرام کے ہوسٹ مظہر اقبال عباسی، پروگرام کے چیف آرگنائزر محمد یونس شیخ، معاون آرگنائزر ملک قیوم اعوان اور دیگر معاونین کو ایک یادگاری اور خوب صورت ایونٹ منعقد کرانے پر “خراج تحسین” پیش کیا اور تمام شرکاء نے تنظیم کو مزید موثر اور فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
سلطنت آف عمان آرمڈ فورسز ایکس سروس مین ایسوسی ایشن پاکستان کے بانی اور سیکرٹری جنرل محمد یونس شیخ نے مستحق اور نادار ممبران کی مدد کے لئے “ویلفیئر فنڈ” کے قیام کی تجویز پیش کی۔ مفاد عامہ اور انسانیت کی بھلائی کی اس تجویز کو ممبران نے اکثریت رائے سے منظور کر لیا اور یوں اس یاد گاری ایونٹ کے موقع پر “سلطنت آف عمان آرمڈ فورسز پاکستانیز ایکس سروس مین ویلفیئر فنڈ” کے قیام کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔
انس تنظیم کے سیکرٹری جنرل محمد یونس شیخ نے تمام ممبران کو یقین دلایا کہ وہ اپنے تنظیمی عہدے داروں کی معاونت سے ممبران کی بھلائی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کنونشن کے اختتام پر پروگرام کے میزبان مظہر اقبال عباسی کی طرف سے تمام شرکاء کے لئے پر تکلف ظہرانہ پیش کیا۔
آخر میں تنظیم کے چیئرمین میجر محمد امین ملک، وائس چیئرمین محمد اشفاق عباسی اور پروگرام کے اسٹیج سیکرٹری ملک قیوم اعوان نے ملک پاکستان اور قوم کی سلامتی مرحومین ممبران کی درجات بلندی کے لئے خصوصی دعا کی۔ سلطنت عمان، پاکستان دوستی زندہ باد کے نعروں کے ساتھ اس خوب صورت تاریخی تقریب کا اختتام ہوا۔



