2080 تک پاکستان سمیت دنیا کے 4 ہزار سے زائد شہروں میں درجہ حرارت 6 ڈگری تک بڑھنے کا خدشہ

امریکی ماہرین موسمیات نے خدشہ ظاہر کیاہے کہ سال 2080 تک دنیا کے 4 ہزارسے زائد شہروں میں درجہ حرارت پانچ سے چھ ڈگری تک بڑھ سکتا ہے، گرمی کی شدت سے متاثر ہونے والے مقامات میں پاکستان کے بھی کئی شہر شامل ہیں۔
امریکا کی میری لینڈ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی کے باعث 2080 تک دنیا کے 4 ہزار 581 شہر کا درجہ حرارت پانچ سے چھ ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔
پیش گوئی کے مطابق پاکستان کے جو شہر سب سے زیادہ متاثر ہوں گے ان میں جہلم، لاہور، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہر شامل ہیں۔
اس میں کراچی کے حوالے سے کہا گیا کہ آئندہ 60 برسوں میں کراچی میں گرمی 3 اعشاریہ 3 ڈگری سیلسیس زیادہ اور موسم گرما 18 اعشاریہ 2 فیصد خشک رہنے کی توقع ہے جب کہ موسم سرما 5 ڈگری گرم اور 0.4 فیصد بارشوں کا امکان ہے، اس وقت کراچی کا موسم ایسا ہوسکتا ہے جیسا کہ اس وقت سعودی عرب کے شہر الباحہ کا ہے۔
پیش گوئی کے مطابق اگر موسمیاتی تبدیلی کا باعث بننے والے عوامل کے اخراج کو کم کریں تو کراچی کے درجہ حرارت میں 1 اعشاریہ 1 ڈگری سیلسیس اضافے اور بارشوں میں 17 اعشاریہ 3 فیصد اضافے کی توقع ہے جب کہ سردیوں میں 1 اعشاریہ 7 ڈگری گرمی اور 2 اعشاریہ 9 فیصد بارشوں کی توقع ہے، اس صورت میں کراچی کا موسم ایسا ہوسکتا ہے جیسا کہ ان دنوں یمن کے شہر مکلہ کا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت اگر ماحولیات پر قابو پانے کی کوشش کرے تو درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری کی کمی بھی آسکتی ہے۔



