جہلم شہر بھر میں گداگروں کی بھرمار، عوام کو مشکلات کا سامنا

جہلم شہر اور گردو نواح میں پیشہ ور گداگروں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ گداگروں میں زیادہ تر تعداد خواتین، نوجوان لڑکیوں اور بچوں کی ہے، جو عوام کو اپنی حالت زار کا دکھاوا کر خیرات وصول کرنے پر مجبور کرتی ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ جوان لڑکیاں ادائیں دکھاتے ہوئے زبردستی خیرات وصول کر لیتی ہیں اور اگر خیرات نہ دی جائے تو بدعائیں اور بدتمیزی تک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہر بھر کی مارکیٹوں، بازاروں، چوکوں، لاری اڈہ، سول اسپتال، ضلع کچہری، مین بازار، نیابازار، تحصیل روڈ، ریلوے روڈ اور سول لائن روڈ پر پیشہ ور گداگروں نے قبضے جمارکھے ہیں۔
شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ نماز کے اوقات کے دوران اور خصوصاً نماز جمعہ کے دن تمام مساجد کے باہر گداگروں کی یلغار ہوتی ہے، جس کی وجہ سے نمازیوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سماجی، فلاحی اور عوامی حلقوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے پیشہ ور گداگروں کے خلاف فوری کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



