جہلم پولیس کی بر وقت کارروائی، 18 سالہ ذہنی معذور لڑکی بازیاب، ملزم گرفتار

جہلم: تھانہ صدر پولیس نے اغواء کے مقدمہ میں فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 18 سالہ مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر لیا اور ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
لواحقین کی جانب سے جہلم پولیس کو اطلاع دی گئی کہ ایک 18 سالہ لڑکی جس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا گھر سے دکان پر اشیاء لینے گئی مگر واپس نہ آئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقدمہ درج کر کے فوری تلاش کا آغاز کیا۔
پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے قلیل وقت میں لڑکی کو بحفاظت بازیاب کر لیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں مغویہ کو خیریت کے ساتھ لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور لاپتہ افراد کی فوری بازیابی پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ عوام کے تعاون سے جرائم کے خاتمے میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔



