مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی کا تاریخی لالہ لجپت رائے لائبریری کا دورہ، بحالی کے کام کو سراہا

جہلم: مشیرِ صحت پنجاب میجر جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر اظہر کیانی نے جہلم کی تاریخی لالہ لجپت رائے لائبریری کا دورہ کیا اور حالیہ بحالی و تزئین و آرائش کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے مشیرِ صحت کو لائبریری کے مختلف حصوں، تاریخی کتب کے ذخیرے اور بحالی کے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس قدیم علمی ورثے کو اس کی اصل تاریخی حیثیت کے مطابق محفوظ رکھتے ہوئے جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں، طلبہ اور محققین کو بہتر مطالعہ کا ماحول میسر آ سکے۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ لالہ لجپت رائے لائبریری ضلع جہلم کا ایک اہم علمی و تاریخی اثاثہ ہے اور اس کی اصل شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

مشیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر کیانی نے بحالی کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ علم کے متلاشی افراد، طلبہ اور قارئین کے لیے مزید جدید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ نوجوان نسل میں کتاب بینی اور مطالعے کے رجحان کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی علمی مراکز کی حفاظت اور انہیں جدید سہولیات سے آراستہ کرنا نہ صرف تعلیمی بلکہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button