گندم کی کٹائی؛ ملک کے طول و عرض سے مختلف زبانیں بولنے والے سینکڑوں افراد جہلم پہنچ گئے

جہلم: ہیں تلخ بہت بندہ مزدور کے اوقات، گندم کٹائی کے لیے ضلع سمیت دیگر اضلاع کے طول و عرض سے مختلف زبانیں بولنے والے سینکڑوں افراد جہلم پہنچ گئے۔
کے پی کے اضلاع لکی مروت، بنوں، کوہاٹ، کرک ،سوات، بونیر، چترال اور جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان ، راجن پور،رحیم یار خان، بہاؤلپور، مظفر گڑھ ، لیہ، بھکر جبکہ سندھ کے اضلاع سانگھڑ،نوشہرو فیروز، گھوٹگی،سکھر، جیکب آباد، کشمور سے سینکڑوں افراد گندم کی تیار فصل کو کاٹنے کے لیے جہلم کے مختلف دیہات و تحصیلوں میں پہنچ گئے ہیں۔
کے پی کے سے آنے والے افراد تھریشر مشینوں کوبھی ہمراہ لائے ہیں، اس طرح ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں کے قصبات میں حصول روز گار کی خاطر متعدد افراد کام کی تلاش میں منتظر کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔
ہر محلے ،ہر گلی ،ہر گاؤں، میں یہ افراد ٹولیوں کی شکل میں دکھائی دیتے ہیں اور رات کو یہ مختلف دکانوں ،مارکیٹوں کے باہر برآمدوں میں محو استراحت ہو جاتے ہیں۔
اس بار گنجائش سے کافی زیادہ تعداد میں یہ محنت کش آئے ہیں جس کے باعث سب کو کام ملنا بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے اور یہ صورتحال ملک کی خراب معاشی صورتحال ،مہنگائی بے روزگاری اور غربت میں اضافے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں۔



