پنڈدادنخان سے لالہ موسی مسافر ٹرین 10 سال بعد بحال کردی گئی

پنڈدادنخان سے لالہ موسی مسافر ٹرین 10 سال بعد بحال کردی گئی، شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پنڈدادنخان کی سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری اور صحافتی تنظیموں کے عمائدین نے مسافر ٹرین کو پنڈدادنخان ریلوے اسٹیشن پر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں پچھلے 10 سالوں سے بند مسافر ٹرین کی بحالی کے بعدگزشتہ روز ساڑھے 6 بجے لالہ موسی سے روانہ ہو کر پنڈ دادنخان پہنچی اور دوپہر ڈیڑھ بجے پنڈ دادنخان سے لالہ موسی کے لیے روانہ ہوئی۔
اس موقع پر اسٹیشن پر موجود مسافروں نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ریلوے سے مطالبہ کیا کہ 10 سال بعد بحال ہونے والی مسافر ٹرین کی سہولت انتہائی خوش آئندہ ہے لیکن اس روٹ پر کرائے بہت ہی زیادہ ہیں۔
ٹرین کی لالہ موسی روانگی کے موقع پر پنڈ دادنخان کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ریلوے اسٹیشن پہنچی جنہوں نے ٹرین کی روانگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد پاکستان ریلوے زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ریلوے کی جانب سے مختلف روٹس پر کرائے ناموں میں بہت بڑی تخفیف کی گئی جبکہ پنڈدادنخان ملکوال روٹ پر یہ رعایت نہیں دی گئی۔
مسافروں نے محکمہ ریلوے کے احکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ پنڈدادنخان تا ملکوال، پنڈدادنخان تا لالہ موسی ٹرین کے کرایوں میں کمی کی جائے۔



