پنڈدادنخان میں نان رجسٹرڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی گئی

پنڈدادنخان: حکومت پنجاب کے واضح احکامات پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے پنڈدادنخان میں نان رجسٹرڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی۔
ہفتہ کے روز ایکسائز انسپکٹر مدثر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ للِہ چوک پر چاروں اطراف سے آتی جاتی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشہ جات کی چیکنگ شروع کی تو خوف کے مارے متعدد گاڑی مالکان دور سڑک کنارے گاڑیاں کھڑی کر کے انتظار کرنے لگے کہ کب عملہ ادھر ادھر ہوتا ہے جبکہ نان رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان نے بھی پتلی گلی سے گزرنے کو ترجیح دی۔
ایکسائز انسپکٹر مدثر نے میڈیا کو بتایا کہ ابھی تک پانچ گاڑیوں کے خلاف کارروائی میں لائی گئی ہے تاہم یہ سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا، بدون نمبر پلیٹ گاڑیوں اور ایکسائز ٹیکس نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کر دیں گے۔



