حکومت کا یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کا فیصلہ

جہلم: حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورزپر رمضان پیکج ختم ہونے کے بعد بھی وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت 5 بنیادی اشیاء پرسبسڈی برقرار رہے گی جس میں بی آئی ایس پی صارفین کو چینی، آٹا، گھی، دالوں اور چاول پر سبسڈی ملے گی۔
یوٹیلیٹی سٹور ذرائع نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورزپربی آئی ایس پی صارفین کیلئے چینی 109روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی اورآٹے کا 10 کلو تھیلا 648 روپے میں دستیاب ہوگا جب کہ گھی 393 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہوگا، اس کے علاوہ دالوں اورچاول پرفی کلو 25 روپے سبسڈی دی جائے گی۔
یوٹیلیٹی ذ رائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورزپر وزیراعظم پیکج جون2024 تک جاری رکھنے کاپلان ہے اور پیکج کے تحت ماہانہ تقریباً 3 ارب روپے سبسڈی دی جائیگی جب کہ آئندہ مالی سال کیلئے پیکج جاری رکھنے سے متعلق فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔



