دینہ میں دن دیہاڑے ڈکیتی، دو نامعلوم ڈاکو جیولر کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر طلائی زیورات لوٹ کر فرار

دینہ میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی واردات کے لیے نیا طریقہ اختیار کرتے ہوئے دن دیہاڑے منگلا روڈ پر واقع سعید جیولرز کو لوٹ لیا۔ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان گاہک بن کر دکان میں داخل ہوئے اور مبینہ طور پر دکاندار کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کی سونے کی انگوٹھیاں لوٹ کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں منگلا روڈ پر پولیس چوکی سٹی دینہ سے چند فاصلے پر واقع سعید جیولرز میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان گاہک بن کر داخل ہوئے۔ ملزمان نے موقع ملتے ہی دکاندار کی آنکھوں میں مرچیں ڈال دیں اور دکان میں موجود سونے کی 10 انگوٹھیاں، جن کا مجموعی وزن تقریباً پانچ تولے بتایا جا رہا ہے، چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
واردات کے بعد دونوں ملزمان اپنی اپلائیڈ فار موٹر سائیکل پر سوار ہو کر منگلا کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔ پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔ دن دیہاڑے، پولیس چوکی کے قریب پیش آنے والی اس واردات نے تاجروں اور شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے لوٹا گیا سونا برآمد کیا جائے اور دینہ میں شہریوں اور تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔



