جہلم: سپورٹس ہال کی بحالی سے نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتیں نکھارنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب سپورٹس ہال ضلع کونسل جہلم میں جاری تزئین و بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے سپورٹس ہال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر ضلع کونسل ضیاء اللہ رانجھا اور ایم او پی محمد عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سپورٹس ہال میں جاری کاموں کی پیش رفت، معیار اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سپورٹس ہال میں کراٹے، بیڈمنٹن اور دیگر انڈور کھیلوں کے انعقاد کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کے لیے موزوں، محفوظ اور معیاری ماحول یقینی بنایا جائے اور کھیلوں سے متعلق ضروری سہولیات کو تزئین و بحالی کے منصوبے کا مؤثر حصہ بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے تزئین و بحالی کے کاموں کو اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تعمیراتی معیار پر خصوصی توجہ دینے اور جاری کاموں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ سپورٹس ہال کی تزئین و بحالی اور بہتر سہولیات کی فراہمی سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بحالی کے کام مکمل ہونے کے بعد سپورٹس ہال کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے مؤثر انداز میں استعمال میں لایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔



