موضع ہتھیہ دھمیال میں کسان کنونشن، سموگ سے بچاؤ اور جدید زرعی ٹیکنالوجی پر بریفنگ

سوہاوہ: موضع ہتھیہ دھمیال میں میزبان زمیندار چوہدری اعظم خان کے ڈیرے پر ایک پروقار کسان و زمیندار کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے ممتاز نمبرداروں، زمینداروں اور کاشتکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کنونشن کا بنیادی مقصد کاشتکاروں کو سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر زرعی ماہرین نے زمینداروں اور نمبرداروں پر زور دیا کہ مکئی، چری اور چاول کی فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے مکمل طور پر گریز کیا جائے۔

زرعی ماہرین نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے فضا میں آلودگی بڑھنے کے ساتھ سموگ پیدا ہوتی ہے، جبکہ اس عمل سے زمین کی قدرتی زرخیزی بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے کے بجائے انہیں ٹھکانے لگانے کے جدید اور ماحول دوست طریقے اختیار کیے جائیں۔

کنونشن کے دوران کاشتکاروں کو گندم، مکئی اور باجرے کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ماہرین نے جدید زرعی طریقہ کار، بہتر پیداوار اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کاشتکاروں کے لیے جاری مختلف زرعی اسکیموں کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی اور زمینداروں و کاشتکاروں کو ترغیب دی گئی کہ وہ ان اسکیموں سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی زرعی پیداوار اور آمدن میں اضافہ کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button