پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان، غریب طبقہ شدید متاثر

جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مہنگائی کی نئی لہر نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ پھل، سبزیاں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے سے غریب اور سفید پوش طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے جبکہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے نے علاج معالجہ بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے۔

شہریوں کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے براہِ راست اثرات روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ اور اشیاء کی نقل و حمل کے اخراجات بڑھنے کے باعث بازاروں میں پھل، سبزیاں اور دیگر ضروری اشیاء مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے عملی طور پر مؤثر ثابت نہیں ہو رہے۔ سرکاری نرخ نامے جاری کیے جانے کے باوجود بازاروں میں ان پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث شہری من مانے نرخوں پر اشیائے ضروریہ خریدنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے باعث غریب اور سفید پوش خاندانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے، جبکہ بجلی، گیس، پٹرول اور دیگر اخراجات میں اضافے نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔

دوسری جانب ادویات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث کم آمدنی والے افراد کے لیے علاج معالجہ بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں بھی بعض بنیادی طبی سہولیات اور ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنے، اشیائے ضروریہ اور ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button