سوہاوہ: راجہ شوکت کیانی کی گلگت بلتستان کی نومنتخب رکن اسمبلی ثوبیہ کیانی مقدم سے ملاقات

سوہاوہ کے معروف سیاسی و سماجی رہنما اور سابق چیئرمین لہڑی گڈاری راجہ شوکت کیانی نے گلگت بلتستان ہاؤس میں گلگت بلتستان اسمبلی کی نومنتخب رکن اور سابق صوبائی وزیر ثوبیہ کیانی مقدم سے ملاقات کی اور انہیں دوبارہ رکن اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

ملاقات کے دوران راجہ شوکت کیانی نے ثوبیہ کیانی مقدم کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف گلگت بلتستان کی ایک باوقار سیاسی شخصیت ہیں بلکہ پورے کیانی قبیلے کے لیے باعثِ فخر بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثوبیہ کیانی مقدم نے اپنی سیاسی بصیرت، عوامی خدمت اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

راجہ شوکت کیانی نے کہا کہ ثوبیہ کیانی مقدم نے ماضی میں رکن اسمبلی اور صوبائی وزیر کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ کیا اور ایک مرتبہ پھر عوام کا اعتماد حاصل کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ خدمت، دیانت اور عزم پر مبنی سیاست ہمیشہ کامیاب ہوتی ہے۔ انہوں نے ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر ثوبیہ کیانی مقدم نے راجہ شوکت کیانی کی آمد، مبارکباد اور اظہارِ محبت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بزرگوں، خیرخواہوں اور قبیلے کے مخلص افراد کی دعائیں اور حوصلہ افزائی ان کے لیے ہمیشہ طاقت اور اعتماد کا ذریعہ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راجہ شوکت کیانی کی محبت، خلوص اور اعتماد ان کے لیے باعثِ عزت ہے اور وہ اس جذبے کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور خدمت کے جذبے کے ساتھ ادا کرتی رہیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button