ڈومیلی پولیس کی دو اہم کارروائیاں، منشیات فروش گرفتار، اشتہاری مجرم کو فرار کرانے میں مدد دینے والا ملزم بھی گرفتار

سوہاوہ: ڈومیلی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف دو الگ الگ کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 300 گرام آئس برآمد کر لی جبکہ اقدامِ قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم کو فرار ہونے میں مدد فراہم کرنے والے ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور پولیس چوکی کسیال کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے محمد لیاقت ولد عبدالرشید سکنہ گوجری بڑاگراں کو جھنگ چک کے قریب سے گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 300 گرام آئس برآمد کر کے قبضہ میں لے لی جبکہ ملزم کے خلاف تھانہ ڈومیلی میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایک دوسری کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے اقدامِ قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم کو فرار ہونے میں مدد فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اشتہاری مجرم کو قانون کی گرفت سے بچانے میں معاونت کی، جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشتہاری مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے گا تاکہ امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔



