نوجوانوں کو کتابوں اور تحقیق سے جوڑنا روشن مستقبل کی ضمانت ہے، ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیر اہتمام تاریخی لاجپت رائے لائبریری میں شاندار جہلم لٹریری فیسٹیول 2026 کا انعقاد کیا گیا۔

فیسٹیول میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی، اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان، شعراء، ادباء، دانشور، اساتذہ، طلبہ، اہلِ قلم، ادبی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فیسٹیول کا مقصد ادب، ثقافت، مطالعہ اور تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ جہلم کی ادبی شناخت کو مزید اجاگر کرنا اور نوجوان نسل میں کتاب دوستی اور علمی شعور کو فروغ دینا تھا۔

تقریب کے دوران مشاعروں، ادبی نشستوں، فکری مکالموں، تخلیقی مباحث اور دیگر ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ شعراء اور ادباء نے اپنا منتخب کلام پیش کیا، جبکہ مقررین نے ادب، تحقیق، مطالعہ، تنقیدی فکر اور مثبت فکری رجحانات کی اہمیت پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل کو کتابوں، تخلیقی اظہار اور علمی سرگرمیوں سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ اس نوعیت کے ادبی میلوں سے معاشرے میں مطالعے کے رجحان اور مثبت فکری ماحول کو فروغ ملتا ہے۔

اس موقع پر مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ضلعی انتظامیہ جہلم کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادبی اور ثقافتی پروگرام معاشرے میں علم، ادب، برداشت، مکالمے اور مثبت سوچ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کتابوں، تحقیق اور تخلیقی سرگرمیوں سے جوڑنا روشن مستقبل کی ضمانت ہے، جبکہ ادبی میلوں کے ذریعے نئی نسل کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

فیسٹیول کے اختتام پر مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے فیسٹیول میں شریک شعراء، ادباء، دانشوروں، اساتذہ، طلبہ، اہلِ قلم، ادبی شخصیات اور منتظمین میں ان کی نمایاں خدمات اور فعال شرکت کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

شرکاء نے ضلعی انتظامیہ جہلم کی اس ادبی و ثقافتی کاوش کو بھرپور سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے علمی، ادبی اور ثقافتی پروگراموں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا رہے گا، تاکہ جہلم کی ادبی روایت مزید مضبوط ہو اور نوجوان نسل میں مطالعے، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button