پنڈدادنخان میں احمد آباد روڈ پر مسافر کوسٹر ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر نالے میں جا گری، 27 مسافر زخمی

پنڈدادنخان میں احمد آباد روڈ پر مسافر کوسٹر ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر نالے میں جا گری، حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت 27 مسافر زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے احمد آباد روڈ پر ایک مسافر کوسٹر ٹائر پھٹنے کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کنارے نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں 27 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں خواتین، بچے اور بزرگ افراد بھی شامل ہیں۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر کوسٹر احمد آباد سے سرگودھا جا رہی تھی اور اس میں مجموعی طور پر 32 مسافر سوار تھے۔ اتھر نہر کے قریب واقع نالے کے مقام پر گاڑی کا ٹائر اچانک برسٹ ہو گیا، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور کوسٹر سڑک سے نیچے جا گری۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں تین ایمبولینسز کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو جائے حادثہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں مزید علاج معالجے کے لیے مختلف طبی مراکز منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو للِہ ہسپتال (مریم ہیلتھ کلینک للِہ) اور ٹراما سینٹر کلر کہار منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے تاہم بیشتر افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔

حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں کے ساتھ زیر تعمیر نہر پر کام کرنے والی مشینری اور عملے نے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا جبکہ مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو نکالنے اور امدادی کارروائیوں میں تعاون کیا۔

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد کوسٹر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ گاڑی کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button