اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر کا امتحانی مرکز کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا

سوہاوہ: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے گورنمنٹ ہائی اسکول سوہاوہ میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا اور امتحانی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے امتحانی مرکز میں سکیورٹی انتظامات، امتحانی ماحول، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ڈیوٹی پر موجود عملے کی حاضری کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں امتحانی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی مرکز پر کیے گئے انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور امتحانی عمل کو خوش اسلوبی سے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
غزالہ اصغر نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ امتحانی نظام میں شفافیت، نظم و ضبط اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کو منصفانہ، پُرامن اور سازگار ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ امتحانی عمل کی مؤثر نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ معیارِ تعلیم، شفافیت اور امتحانی ضابطوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
دورے کے اختتام پر انہوں نے امتحانی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ بہتر ماحول میں اپنے امتحانات دے سکیں۔



