پنڈدادنخان میں ڈکیتی کے مقدمے میں ملوث ملزم گرفتار

پنڈدادنخان: پولیس نے ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے مقدمے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل معہ ایمونیشن برآمد کیا گیا، جسے قبضہ پولیس میں لے کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس سے ڈکیتی سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکنی، ڈکیتی، راہزنی اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ایسے ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالتوں میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے سرچ آپریشنز، ناکہ بندیوں اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔



