جہلم پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے 5 سالہ گمشدہ بچے کو تلاش کر کے لواحقین سے ملا دیا

جہلم: پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیف سٹی کیمروں اور فوری رسپانس کی مدد سے 5 سالہ گمشدہ بچے کو تلاش کر کے بحفاظت لواحقین کے حوالے کر دیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق پانچ سالہ بچہ گھر سے ناراض ہو کر نکل گیا تھا اور راستہ بھٹکنے کے باعث گم ہو گیا۔ تھانہ سول لائنز پولیس کو اطلاع موصول ہوتے ہی ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور ان کی ٹیم فوری طور پر متحرک ہو گئی۔
پولیس ٹیم نے سیف سٹی کیمروں کی مدد، اہلِ محلہ سے پوچھ گچھ اور مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کرتے ہوئے قلیل وقت میں بچے کو تلاش کر لیا۔
بعد ازاں بچے کو بحفاظت اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا، جس پر اہل خانہ نے جہلم پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے واقعات میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔



