بیوٹیفیکیشن منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں، معیار اور رفتار یقینی بنائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تحصیل سوہاوہ کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد اویس خالد خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کا مقصد بیوٹیفیکیشن سکیم کے تحت جاری ترقیاتی کاموں اور شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
دورانِ وزٹ بیوٹیفیکیشن سکیم کے تحت ماڈرن بازار سوہاوہ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جہاں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سوہاوہ اور نیس پاک کی جانب سے جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔ منصوبے کی پیش رفت، معیار اور مقررہ ٹائم لائن کے حوالے سے افسران نے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور ہر مرحلے پر معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی فلاحی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ صفائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف، منظم اور جدید ماحول فراہم کیا جا سکے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بروقت اور معیاری تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔



