دینہ میں جانور پر بدترین تشدد کرنے والا زمیندار گرفتار

دینہ: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک غریب شخص کے بے زبان جانور (گدھے) پر بدترین تشدد کرنے والے زمیندار کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں پولیس تھانہ دینہ کو اطلاع ملی کہ ایک بااثر زمیندار نے اپنے کھیتوں میں داخل ہونے پر گدھے کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے جانور شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ دینہ سرمد ملک نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ زخمی جانور کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جانوروں پر ظلم و تشدد ایک سنگین جرم ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور قانون سب کے لیے برابر ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے واقعات کی بروقت اطلاع پولیس کو دیں تاکہ فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔



