جہلم میں خودساختہ مہنگائی عروج پر، گوشت کی قیمتیں کنٹرول سے باہر، شہری سراپا احتجاج

جہلم: ضلع جہلم میں خودساختہ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔
شہریوں کے مطابق شہر سمیت چاروں تحصیلوں اور مضافاتی علاقوں میں قصابوں اور مرغی فروشوں نے سرکاری نرخناموں کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانی قیمتیں مقرر کر رکھی ہیں۔ مختلف بازاروں میں بڑے اور چھوٹے گوشت کے ساتھ مرغی کا گوشت بھی سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ کم وزن گوشت دینا بھی معمول بن چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض بااثر قصاب دو سے اڑھائی سو گرام تک گوشت کم دے کر عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ پرائس کنٹرول حکام سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور انتظامیہ نے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال کر خود کو بری الذمہ کر لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑھتی مہنگائی کے باعث سفید پوش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے اور کئی گھرانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بازاروں اور سبزی منڈیوں کے اچانک دورے کریں، سرکاری نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور گرانفروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کریں۔



