جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں، 4 غیر قانونی افغان شہری گرفتار

جہلم پولیس نے دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کیں، جن کے دوران متعدد افراد اور مقامات کی چیکنگ کی گئی جبکہ 4 غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع کے 15 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 401 افراد، 182 گھروں اور 8 بس اسٹینڈز و ہوٹلوں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 42 افراد کی کرایہ داری کا اندراج بھی کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں، اور ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر اطلاع دیں۔
حکام کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پولیس نے مزید ہدایت کی ہے کہ اگر کسی شخص کے بارے میں معلوم ہو کہ وہ بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہے یا کسی مشتبہ سرگرمی میں ملوث ہے تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے۔



