تعلیمی اداروں میں سہولیات کی کمی ہرگز برداشت نہیں، اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے گورنمنٹ ہائی اسکول سنگھوئی میں قائم نویں جماعت کے امتحانی مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فزکس کے پرچے کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران بیٹھنے کے انتظامات، پینے کے صاف پانی، روشنی اور ہوا کے نظام کو چیک کیا گیا، جبکہ تمام انتظامات مجموعی طور پر تسلی بخش پائے گئے اور امتحانی عمل کو شفاف قرار دیا گیا۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول سنگھوئی کا بھی دورہ کیا، جہاں طالبات کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر پانی کی عدم دستیابی اور صفائی کی ناقص صورتحال پر متعلقہ عملے کی سخت سرزنش کی گئی۔

انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی اور واش رومز کی صفائی کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور طلباء کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے کہا کہ ان دوروں کا مقصد امتحانی مراکز میں شفافیت کو یقینی بنانا اور سرکاری اسکولوں میں معیار کو بہتر بنانا ہے، جبکہ تمام اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اداروں میں صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کو حکومتی معیار کے مطابق یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button