پنڈدادنخان میں تیسری جماعت کی طالبہ بس کے نیچے آ کر جاں بحق

پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ میں تیسری جماعت کے طالبہ بس کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ ٹوبہ میں تیز رفتاری ایک بار پھر معصوم جان لے گئی، جہاں تیسری کلاس کی طالبہ سڑک عبور کرتے ہوئے مسافر بس کی زد میں آ کر موقع پر جاں بحق ہو گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت عمائمہ عتیق کے نام سے ہوئی ہے، جو نجی سکول سے چھٹی کے بعد گھر واپس جا رہی تھی کہ مین روڈ کراس کرتے ہوئے تیز رفتار بس نے اسے کچل دیا۔
حادثہ اس قدر شدید تھا کہ بچی موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے لاش کو اسپتال منتقل کر دیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
عینی شاہدین اور اہلِ علاقہ کے مطابق حادثہ سڑک پر اسپیڈ بریکر نہ ہونے اور ٹرانسپورٹرز کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، اسپیڈ بریکرز نصب کیے جائیں اور لاپروا ڈرائیورز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔



