پنجاب میں اجتماعی شادیوں کے تاریخی پروگرام کی منظوری، دلہن کو کتنی سلامی ملے گی؟

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں اجتماعی شادیوں کے سب سے بڑے تاریخی پروگرام کی منظوری دیدی گئی ہے جس میں دلہنوں کو ایک لاکھ روپے سلامی بھی دی جائے گی۔
پنجاب میں اجتماعی شادیوں کے سب سے بڑے تاریخی پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے صوبائی کابینہ نے مذکورہ پروگرام میں 3 ہزار غریب خاندان کی بچیوں کی اجتماعی شادی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں دلہنوں کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ روپے سلامی دی جائےگی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے اجتماعی شادیوں کا دائر کار مزید بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ مجوزہ اجتماعی شادی میں فرنیچر، ملبوسات، ڈنرسیٹ سمیت استعمال کی 13 اشیا بھی تحفتاً پیش کی جائیں گی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب بھر میں عارضی کاشت کے لیے ایک لاکھ ایکڑ زمین کاشتکاروں کوالاٹ کرنے کی منظوری سمیت صوبے بھر میں ای بس سروس اسکیم کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔
پہلے مرحلے میں 27 بسیں آئیں گی اور ای بسوں کی پارکنگ میں چارجنگ کے لیے 1 اعشاریہ 2 میگا واٹ سولر پینل لگائے جائیں گے، پنجاب بھر میں 680 ای بسیں سال کے آخر تک فعال کردی جائیں گی۔؎
پنجاب کابینہ نے اپنے اجلاس میں صوبہ بھر میں عارضی کاشت کے لیے ایک لاکھ ایکڑ اراضی کو 3 اور 5 سال کے لیے لیز پر بے زمین کاشتکاروں کو الاٹ کرنیکی منظوری دی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں الیکٹرک ٹیکسی سروس کا پلان طلب کرتے ہوئے صوبہ بھر میں آٹا اور چکن کے نرخ کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا ہے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک لاکھ 70ہزار کاشت کاروں کو کسان کارڈ مل گئے، دو لاکھ 67ہزار کاشتکاروں کے لیے کسان کارڈ جاری کر دیے گئے ہیں، کسان کارڈکے لیے 11لاکھ کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کرائیں،گرین ٹریکٹر اسکیم کے لیے 12لاکھ درخواستیں وصول کی گئی ہیں، جن میں سے 7 لاکھ درخواستوں کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ہے۔



