حضور نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی کامیابی کی ضمانت ہے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: ممتاز مذہبی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ سرکار دو عالم حضرت محمد ﷺ کا اسوۂ حسنہ تمام مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ ہمارے لیے مکمل عملی نمونہ ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم آپ ﷺ کے بتائے ہوئے راستوں پر چلتے ہوئے اللہ تعالیٰ اور اس کے محبوب ﷺ کی رضا حاصل کریں۔
سید خلیل حسین کاظمی کا کہنا تھا کہ رسول اللہ ﷺ کی محبت امتِ مسلمہ کا مشترکہ اثاثہ ہے اور یہی ایمان کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھال لیں تو ہمارے تمام مسائل کا مستقل حل ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ سیرتِ طیبہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ایک مضبوط، بااخلاق اور کامیاب معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔



