انجمن آرائیاں ضلع جہلم کی پروقار اور شاندار تقریب، حاجی حبیب الرحمن صدر منتخب

جہلم: مقامی میرج ہال میں انجمن آرائیاں ضلع جہلم کے زیر اہتمام ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں آرائیں برادری سے تعلق رکھنے والے معززین، عمائدین اور مختلف شہروں سے آئے سینکڑوں افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کی صدارت چوہدری محمد یعقوب ایڈووکیٹ نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی میاں محمد سعید ڈیرے والے تھے۔ اس موقع پر چوہدری علی اصغر سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ پروگرام کے بہترین انتظامات کا سہرا آرگنائزر حاجی حبیب الرحمن کے سر رہا، جنہوں نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
تقریب کا بنیادی مقصد انجمن آرائیاں ضلع جہلم کے نئے صدر کا انتخاب تھا۔ اس موقع پر چوہدری محمد یعقوب ایڈووکیٹ کی 50 سالہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ ان کی قیادت میں برادری نے اتحاد، ترقی اور بھائی چارے کو فروغ حاصل کیا۔
چوہدری محمد یعقوب نے اپنے خطاب میں رضاکارانہ طور پر عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی قیادت کو آگے آنے کا موقع دینا وقت کی ضرورت ہے، تاہم وہ آئندہ بھی برادری کی خدمت جاری رکھیں گے۔
بعد ازاں متفقہ طور پر حاجی حبیب الرحمن کو انجمن آرائیاں ضلع جہلم کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا۔ شرکاء نے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نئے صدر حاجی حبیب الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو امانت سمجھ کر نبھائیں گے اور برادری کے اتحاد، فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر برادری کے اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے نئی قیادت کے ساتھ مل کر برادری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔



