جہلم: ترقیاتی منصوبے بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں، تاخیر برداشت نہیں۔ کمشنر عامر خٹک

جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیرِ صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع جہلم کی نمائندگی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔
اجلاس میں کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہیں، اس لیے شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی نگرانی میں تمام ترقیاتی کاموں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بعد ازاں کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے جہلم شہر کا دورہ کیا اور تحصیل روڈ پر ماڈل بازار کی جاری بیوٹیفکیشن اسکیم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی اور اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کمشنر نے جاری تعمیراتی کام کا معیار چیک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبہ ڈیزائن کے مطابق مکمل کیا جائے اور میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل بازار کی تکمیل سے شہریوں کو بہتر خریداری ماحول میسر آئے گا اور شہر کے حسن میں اضافہ ہوگا۔
بعد ازاں کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی، وارڈز اور فارمیسی کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مفت ادویات کی فراہمی، صفائی اور عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمشنر نے طبی آلات اور مشینری کی ورکنگ کنڈیشن بھی چیک کی اور ہدایت کی کہ تمام مشینری فعال حالت میں ہو تاکہ شہریوں کو تمام سہولیات سرکاری ہسپتال میں ہی میسر آ سکیں۔



