اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین رخصت پر بیرون ملک روانہ، عائشہ شفقت اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان تعینات

پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین ایک سال کی چھٹی پر بیرون ملک روانہ ہو گئی ہیں جبکہ ان کی جگہ عائشہ شفقت کو بطور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان تعینات کر دیا گیا ہے۔
نادیہ پروین نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران مختلف ترقیاتی اور انتظامی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی۔ ان کے دور میں مقامی انتظامیہ نے پی ایم ڈی سی کے ساتھ مالکانہ حقوق کے معاملے میں کامیابی حاصل کی، جبکہ ایک نجی فیکٹری سے زیر زمین پانی کے بل کی وصولی کے کیس میں بھی اہم پیشرفت ممکن ہوئی۔
اسی طرح کھیوڑہ میں خواتین کے لیے پارک کا قیام ان کی ذاتی دلچسپی کے باعث عمل میں آیا۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں اسٹاف کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈے کیئر سینٹر کا قیام بھی ان کی کاوشوں کا نتیجہ تھا۔
نادیہ پروین صحافیوں اور شہریوں کی جانب سے مسائل کی نشاندہی پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ان کے حل کے لیے سرگرم رہیں۔ للہ جہلم ڈوئل کیرج وے کی تعمیر کے دوران راستوں کی بندش، طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال میں بھی وہ موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتی رہیں۔
مزید برآں میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کے ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن اور بقایاجات کی ادائیگی کے لیے انہوں نے خصوصی اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں سپیشل گرانٹ کے ذریعے واجبات کی ادائیگی ممکن بنائی گئی، جس پر متعلقہ ملازمین نے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
تاہم ان کے دور میں انجمن تاجران کے بعض عہدیداران کے ساتھ اختلافات بھی سامنے آئے، جس کے باعث باہمی تعلقات مثالی نہ رہ سکے۔
شہری حلقوں نے نادیہ پروین کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے، جبکہ نئی تعینات ہونے والی اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت سے توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گی۔



