چاند رات جشن نہیں بلکہ انعام پانے کی رات ہے، امیر عبدالقدیر اعوان

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ چاند رات جشن منانے کے لیے نہیں بلکہ رمضان المبارک کے انعامات حاصل کرنے کی رات ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد اس بات کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ کیا ہم نے تقویٰ کی وہ کیفیت حاصل کی جس کا مقصد روزہ رکھا گیا تھا۔

امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ نے جمعۃ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیلۃ الجائزہ، جو رمضان المبارک کے انعامات کی رات ہے، اسے چاند رات کے نام پر ہلڑ بازی، شور شرابے اور غیر ضروری سرگرمیوں میں ضائع کرنا درست نہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اس رات کو عبادت اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول میں گزاریں۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ صحابہ کرام کو اللہ تعالیٰ نے وہ عظمت عطا فرمائی کہ اللہ ان سے راضی ہو گیا اور وہ اللہ سے راضی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیاوی بادشاہیاں اگر آخرت میں امتحان بن جائیں تو ان کی کوئی حیثیت نہیں، اصل کامیابی اللہ کی رضا میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو جس حال میں رکھا ہے وہی اس کے لیے بہتر ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے اعمال کو دین کے مطابق ڈھالیں اور اللہ کے احکامات کی پابندی کریں۔

یاد رہے کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مرکز دارالعرفان منارہ میں اجتماعی سنت اعتکاف کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں معتکفین نے شرکت کی اور اپنے شب و روز عبادات میں گزارے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام معتکفین کا اعتکاف قبول فرمائے اور انہیں آئندہ رمضان تک اپنی حفاظت میں رکھے۔ ملکی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button