جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، 400 افراد اور 156 گھروں کی چیکنگ، ایک ملزم گرفتار

جہلم: پولیس نے ضلع بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی کارروائیاں کیں، جس کے دوران 400 افراد اور 156 گھروں کو چیک کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 15 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے۔ دورانِ آپریشن تھانہ دینہ کے علاقہ میں ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے یہ سرچ آپریشنز کیے گئے۔ اس دوران شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فکیشن بھی کی گئی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی کر کے چیکنگ کی گئی۔
سرچ آپریشنز کے دوران مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کا مقصد ضلع میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا، دہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت کو روکنا اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔



