عید الفطر کے موقع پر تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان

جہلم: محکمہ موسمیات نے عیدالفطر سے قبل اور عید کی چھٹیوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک نیا موسمی نظام اگلے دو روز میں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس نظام کے اثرات سب سے پہلے شمالی اور بالائی علاقوں میں ظاہر ہوں گے جہاں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے، بعد ازاں یہ سلسلہ بتدریج ملک کے دیگر علاقوں تک بھی پھیل سکتا ہے۔
حکام کے مطابق بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات کا امکان بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے اس نئے سلسلے سے موسم میں خنکی بڑھے گی اور گرمی کی شدت میں وقتی طور پر کمی آ سکتی ہے تاہم تیز ہواؤں کے باعث بعض مقامات پر درخت گرنے اور بجلی کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے افراد موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب سپارکو نے شوال کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 مارچ کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، جس کے باعث عیدالفطر ممکنہ طور پر 21 مارچ کو ہونے کی توقع ہے۔



