ضلع جہلم میں نگہبان کارڈ کے تحت مستحق خاندانوں کو 10ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ ضلع بھر میں رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر پرائس کنٹرول میکنزم، رمضان سہولت بازار، نگہبان رمضان دسترخوان اور نگہبان کارڈز کی تقسیم کے حوالے سے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔
میر رضا اوزگن ڈپٹی کمشنر جہلم نے جہلم پریس کلب کے وفد سے ملاقات کے دوران بتایا کہ جہلم شہر میں رمضان سہولت بازار باقاعدہ قائم کر دیا گیا ہے جہاں سبزیاں، پھل، کریانہ، گوشت، چکن اور دیگر اشیائے ضروریہ عام مارکیٹ کے مقابلے میں سستے داموں دستیاب ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے خوردونوش، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ گراں فروشی کی کسی صورت اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ہزاروں مستحق خاندانوں کو نگہبان رمضان کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں، جن کے تحت ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ امدادی رقم میں کسی بھی قسم کی کٹوتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
میر رضا اوزگن نے مزید بتایا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے ضلع بھر میں نگہبان رمضان دسترخوان قائم کیے جا رہے ہیں جہاں مستحق افراد کو افطاری کے ساتھ کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران کسی بھی شہری کو بھوکا نہیں رہنے دیا جائے گا۔
پرائس کنٹرول کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں 29 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کر دیے گئے ہیں جو مختلف بازاروں میں پرائس ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام دکانداروں کو نرخنامے نمایاں طور پر آویزاں کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو خریداری میں آسانی ہو اور شفافیت برقرار رہے۔



