اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف کا نگہبان رمضان بازار کا دورہ، انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے نگہبان رمضان بازار کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے اسٹالز کی تنصیب، سیکیورٹی انتظامات اور عوامی سہولیات سے متعلق جاری کاموں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران بتایا گیا کہ نگہبان رمضان بازار میں اسٹالز قائم کر دیے گئے ہیں اور ان کی برانڈنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ سیکیورٹی کے پیش نظر بازار میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں، جبکہ مرکزی گیٹ کی تیاری بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے صفائی کے نظام اور واش رومز کی سہولت کا بھی معائنہ کیا تاکہ خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
موقع پر موجود عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے بتایا کہ ریسکیو 1122، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور پیرا (PERA) کے دستے ڈیوٹی پر تعینات کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے بازار میں فیسیلی ٹیشن ڈیسک بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام انتظامات مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ ماہِ صیام کے دوران عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے اور نگہبان رمضان بازار حکومت پنجاب کے فلاحی ویژن کے مطابق عوام دوست مرکز ثابت ہو۔



