رمضان المبارک میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے سہولت بازاروں کے قیام اور مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے قائم کیے جانے والے سہولت بازاروں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور سہولت بازاروں کے قیام، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور نرخوں کے تعین سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ سہولت بازاروں میں سبزی اور فروٹ کی زیادہ سے زیادہ دکانیں قائم کی جائیں جبکہ آٹا، چینی، گوشت اور چکن کے لیے الگ الگ اسٹالز بھی لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو تمام اشیائے ضروریہ ایک ہی چھت تلے مناسب اور سرکاری نرخوں پر دستیاب ہو سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نرخ ناموں کی نمایاں آویزاں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ سہولت بازاروں میں صفائی، نظم و ضبط اور سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں جبکہ اشیائے خورونوش کی وافر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔



