الیکشن کمیشن نے جہلم اور منگلا کنٹونمنٹ بورڈز میں وارڈز کی نئی حد بندی کا شیڈول جاری کر دیا

564
جہلم: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز میں وارڈز کی نئی حد بندی کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت جہلم کنٹونمنٹ بورڈ اور منگلا کنٹونمنٹ بورڈ میں بھی وارڈز کی ازسرِنو حد بندی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے جن کنٹونمنٹ بورڈز میں حد بندی کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا، ان میں جہلم کنٹونمنٹ بورڈ اور منگلا کنٹونمنٹ بورڈ بھی شامل ہیں۔ اس عمل کے نتیجے میں جہلم اور منگلا کنٹونمنٹ کے رہائشی علاقوں میں آبادی، جغرافیائی حدود اور انتظامی تقاضوں کے مطابق وارڈز کی نئی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 19 جنوری سے 2 فروری 2026 تک تمام انتظامی تیاریوں، نقشہ جات، متعلقہ ڈیٹا کے حصول اور ڈی لیمیٹیشن کمیٹیوں و اتھارٹیز کی تربیت مکمل کی جائے گی۔ اس کے بعد 3 فروری سے 4 مارچ 2026 کے دوران ابتدائی وارڈ فہرستیں تیار کی جائیں گی جبکہ 5 مارچ 2026 کو یہ فہرستیں عوامی اعتراضات کے لیے شائع کر دی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جہلم اور منگلا کنٹونمنٹ کے شہری اور متعلقہ فریقین 6 مارچ سے 25 مارچ 2026 تک وارڈز کی حد بندی پر اپنے اعتراضات اور تجاویز جمع کرا سکیں گے۔ ڈی لیمیٹیشن اتھارٹیز 8 اپریل 2026 تک تمام اعتراضات نمٹانے کی پابند ہوں گی، جبکہ حتمی فیصلوں سے ڈی لیمیٹیشن کمیٹیوں کو آگاہ کیا جائے گا۔
وارڈز کی حتمی حد بندی کی فہرست 20 اپریل 2026 کو باقاعدہ طور پر نوٹیفائی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق یہ تمام اقدامات جہلم اور منگلا کنٹونمنٹ بورڈز سمیت ملک بھر کے کنٹونمنٹ علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کو شفاف، منصفانہ اور آئینی تقاضوں کے مطابق منعقد کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس شیڈول کا نوٹیفکیشن گزٹ آف پاکستان میں بھی شائع کر دیا گیا ہے، جبکہ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم اور منگلا کنٹونمنٹ کے عوام کو حد بندی کے اس عمل میں بھرپور نمائندگی اور شفافیت فراہم کی جائے۔



