سردیوں میں دھوپ میں بیٹھنا انسانی صحت کے لیے انتہائی اہم ہے، ڈاکٹر تفسیر گوندل

9
جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے معروف آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر چوہدری تفسیر گوندل نے شہریوں کو موسم کی تبدیلی اور خصوصاً سردیوں میں صحت کا خیال رکھنے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔
چوہدری تفسیر گوندل نے کہا کہ سردیوں میں پھیلنے والی مختلف بیماریوں سے بچنے کے لیے جہاں گرم کپڑے پہننا ضروری ہیں، وہیں دھوپ میں بیٹھنا بھی انسانی صحت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دھوپ میں بیٹھنے سے جسم کو وٹامن ڈی حاصل ہوتا ہے جو ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے شہریوں، خاص طور پر عمر رسیدہ افراد کو مشورہ دیا کہ وہ روزانہ کچھ وقت دھوپ میں گزاریں تاکہ سورج کی روشنی کی تاثیر براہِ راست ہڈیوں تک پہنچ سکے اور بڑھتی عمر میں ہڈیوں کے درد، کمزوری اور دیگر آرتھو پیڈک مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔
مزید برآں چوہدری تفسیر گوندل نے موسم کی تبدیلی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جن میں متوازن غذا، مناسب ورزش، گرم مشروبات کا استعمال اور باقاعدہ طبی مشورہ شامل ہیں تاکہ شہری صحت مند اور فعال زندگی گزار سکیں۔



