جہلم میں شہریوں کو کوڑا ٹیکس کے بل موصول ہونے لگے

10
جہلم شہر کے مختلف محلوں اور علاقوں میں شہریوں کو کوڑا ٹیکس کے بل موصول ہونے لگے ہیں، جس کے تحت شہریوں سے ماہانہ 300 روپے سے لے کر 1,500 روپے تک بل وصول کیے جا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق گھریلو صارفین جو 5 مرلہ سے کم کے گھر رکھتے ہیں، ان سے 300 روپے ماہانہ، دکانداروں سے 500 سے 1,000 روپے ماہانہ اور کارخانہ داروں سے 1,500 روپے ماہانہ کے بل بھجوائے جا رہے ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ متوسط طبقے اور عام غریب شہریوں پر نت نئے ٹیکسز اور بلوں کا بوجھ نہ ڈالا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ عام شہری پہلے ہی محدود آمدنی پر گذر بسر کر رہے ہیں اور کوڑا ٹیکس، چالان توڑ پھوڑ اور تجاوزات کے نام پر شہریوں کو مزید مشکلات میں مبتلا کرنا غیر مناسب ہے۔
جہلم کی سماجی، رفاہی اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے بھی اپیل کی ہے کہ شہریوں کو نت نئے ٹیکسز کے بوجھ سے نجات دلائی جائے، تاکہ غریب اور سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی مہیا کر سکیں۔
شہریوں کا موقف ہے کہ حکومت کو شہریوں کو ریلیف دینے اور سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے، نہ کہ کوڑا ٹیکس سمیت دیگر اضافی ٹیکسز کے نفاذ کے ذریعے عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنا۔



