سابق گورنر پنجاب چوہدری الطاف حسین مرحوم کی اہلیہ کی رسم قل ادا، سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت

13
دینہ: سابق گورنر پنجاب چوہدری الطاف حسین (مرحوم) کی اہلیہ اور مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف کی والدہ محترمہ کی رسمِ قل ان کے آبائی گھر لدھڑ، دینہ میں ادا کر دی گئی۔ رسمِ قل کی تقریب میں سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کر کے مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی اور درجات بلندی کی دعائیں کیں۔
مرحومہ چوہدری عمار فرخ کی دادی صاحبہ اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، چوہدری فوق شیرباز اور چوہدری فیصل ایڈووکیٹ کی تائی صاحبہ تھیں۔
رسم قل کی تقریب میں وفاقی وزیر بیرسٹر رضا حیات، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، رکن قومی اسمبلی چوہدری الیاس، سابق ایم پی ایز چوہدری ندیم خادم اور نذر حسین گوندل، ڈاکٹر جمیل چوہدری، ڈاکٹر فضل الحق فضلی، سابق ناظمین، کونسلرز اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر علاقہ بھر کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ عام شہریوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے مرحومہ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ تقریب کے دوران فضا سوگوار رہی اور مرحومہ کی دینی، سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
رسمِ قل کے اختتام پر پیر سید غفار حسین شاہ نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور درجات بلندی کے لیے خصوصی دعا کروائی، جس میں ملک و قوم کی سلامتی، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور مرحومہ کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی گئی۔ اہل علاقہ نے مرحومہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔



