ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کے کالجز میں ٹریفک قوانین پر خصوصی آگاہی سیمینار

5
جہلم: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی رہنمائی میں ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی مہم جاری ہے۔
اس سلسلے میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ٹاہلیاں والا اور گورنمنٹ تبلیغ السلام ہائی اسکول میں خصوصی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینارز میں DTO جہلم کالج کے اساتذہ، طلبہ، ٹریفک پولیس افسران اور دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈی پی او جہلم نے شرکا کو نئے ترمیمی ٹریفک قوانین، بھاری جرمانوں، کم عمر ڈرائیونگ، اوور اسپیڈنگ، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے لازمی استعمال سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
انہوں نے زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے کیونکہ ایک لمحے کی غفلت قیمتی جانیں ضائع ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔ نئے قوانین کے مطابق سنگین خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے، لائسنس کی معطلی اور مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔
ڈی پی او جہلم نے طلبہ پر بھی تاکید کی کہ وہ خود قوانین کی پابندی کریں اور اپنے خاندان و دوستوں کو بھی آگاہ کریں تاکہ حادثات میں کمی اور محفوظ معاشرہ قائم ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ جہلم پولیس وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت کالجز و یونیورسٹیز میں لیکچرز، واکس اور بینرز کے ذریعے شہریوں میں آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
کالج انتظامیہ اور طلبہ نے جہلم پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ میں ٹریفک قوانین کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں اور انہیں ذمہ دار شہری بننے میں مدد دیتے ہیں۔ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے یقین دلایا کہ ضلع بھر میں آگاہی مہمات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ شہریوں اور خاص طور پر نوجوانوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔



