ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا معظم شہید ٹرسٹ ہسپتال کا تفصیلی دورہ، فلاحی خدمات کی تعریف

81
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے فلاحی شعبے میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے معظم شہید ٹرسٹ ہسپتال کا خصوصی دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی و فلاحی خدمات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ہسپتال آمد پر چیئرمین معظم شہید ٹرسٹ ملک بدر سعید نے ڈپٹی کمشنر کا پُرجوش استقبال کیا اور انہیں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرایا۔
چیئرمین نے ڈپٹی کمشنر کو ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ہسپتال میں جدید طبی سہولیات، بشمول تشخیصی لیب، الٹراساؤنڈ اور جنرل او پی ڈی نہایت کم نرخوں پر دستیاب ہیں، جبکہ مستحق اور غریب مریضوں کو مکمل طور پر مفت علاج فراہم کیا جاتا ہے۔
بریفنگ میں ضرورت مند افراد کے لیے بنائے گئے فلاحی منصوبہ جات اور ہسپتال کے آئندہ کے توسیعی پروگرامز پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہسپتال کی معیاری طبی خدمات، بہترین انتظامی ڈھانچے، اور خصوصاً غریب و نادار عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ادارے کی غیر معمولی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے معظم شہید ٹرسٹ کی کارکردگی پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ادارہ انسانیت کی خدمت کا ایک مثالی نمونہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ فلاحی اداروں کی سرپرستی اور حمایت جاری رکھے گی۔



