جہلم پولیس کا عوام دوست اقدام، تمام تھانوں میں لرنر پرمٹ جاری کرنے کا عمل باقاعدہ شروع

جہلم پولیس کا عوام دوست اقدام، ضلع بھر کے تمام تھانوں میں ٹریفک لائسنس کیلئے لرنر پرمٹ جاری کرنے کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی عوام دوست پالیسی کے تحت ضلع بھر میں شہریوں کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جہلم کے تمام تھانہ جات میں شہریوں کو لرنر پرمٹ جاری کرنے کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں درپیش مشکلات کا خاتمہ کرنا اور سہولیات کو اُن کی دہلیز کے قریب تر لانا ہے۔ پہلے شہریوں کو لرنر پرمٹ حاصل کرنے کے لیے دور دراز کے سفر کرنا پڑتا تھا، لیکن اب ہر فرد اپنے قریبی تھانے میں آسانی اور سہولت کے ساتھ لرنر پرمٹ حاصل کر سکتا ہے۔

شہریوں کو اس دوران ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اور ضروری دستاویزات کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ نئے ڈرائیور محفوظ اور ذمہ دار ڈرائیونگ کے اصولوں سے بخوبی آگاہ ہوں۔ پولیس کے اس نئے عوام دوست اقدام کو شہریوں کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں کی سہولت، بہترین سروس ڈلیوری اور عوام دوست پولیسنگ ڈی پی او جہلم کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ پولیس کا مقصد عوام کے ساتھ اعتماد اور ہم آہنگی قائم کرنا اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ ضلع بھر میں قانون کی بالادستی اور ٹریفک کے نظم و ضبط کو فروغ دیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button