الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر انتظام ہیلنگ دی ہیلرز نیشنل کانفرنس کا کامیاب انعقاد

لاہور: الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر انتظام پرل کانٹیننٹل ہوٹل لاہور میں ملک گیر قومی کانفرنس "ہیلنگ دی ہیلرز” کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان بھر سے نامور ڈاکٹروں، پروفیسروں اور شعبۂ صحت سے وابستہ ممتاز ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس اہم کانفرنس میں شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ اور پیٹرن اِن چیف الفلاح فاؤنڈیشن امیر عبدالقدیر اعوان نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد شعبۂ صحت میں خدمات انجام دینے والے افراد کی فلاح و بہبود، ان کے ذہنی اور عملی دباؤ میں کمی، اور معاشرے کی بہتری کے لیے ایک ایسا مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا تھا جس کے ذریعے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ذہنی تقویت اور پیشہ ورانہ سہولت میسر آ سکے۔

تقریب میں ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے ممتاز پروفیسر ڈاکٹروں نے بھی اظہارِ خیال کیا جن میں ڈاکٹر رضوان میر، پروفیسر ڈاکٹر سعد بشیر ملک، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور، پروفیسڑ ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ سہیل اور پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز شامل تھے۔

اس کے علاوہ پاکستان کی معتبر طبی انجمنوں نے بھی کانفرنس میں بھرپور شرکت کی جن میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن پنجاب، فیملی فزیشنز ایسوسی ایشن پنجاب، نوجوان ڈاکٹروں کی تنظیم پاکستان، مائنڈ آرگنائزیشن اور شعبۂ اطفال سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز شامل ہیں۔

الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کا ایک فعال فلاحی ادارہ ہے جسے حضرت امیر محمد اکرم اعوانؒ نے انسانی خدمت کے جذبے کے تحت قائم کیا۔ یہ ادارہ ملک بھر میں بغیر کسی لالچ اور امتیاز کے انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور اس وقت شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان کی سرپرستی میں اپنے فلاحی مقاصد کے تحت بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ڈاکٹرز وہ لوگ ہیں جو دوسروں کے زخموں پر مرہم رکھتے ہیں، اُن کے دکھ بانٹتے ہیں، لیکن وہ خود بھی انسان ہیں اور ذہنی دباؤ، تھکن اور جذباتی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذہنی سکون اور روحانی مضبوطی کے لیے اللہ کے ذکر سے جڑنا بے حد ضروری ہے۔ کیفیاتِ قلبی ایک بندۂ مومن کو وہ اندرونی طاقت فراہم کرتی ہیں جو اسے اپنے پیشہ ورانہ میدان میں دوسروں کی نسبت بہتر کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پاک سرزمین ہے، اور اگر اس کی اصل تشریح میں جائیں تو یہ وہ مقام ہے جو مسجد کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ملک میں نظامِ عدل کے بڑے خلا کی طرف نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اسے درست کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ملک ہمارا ہے، اس کا تحفظ، اس کی بہتری اور اس کے اداروں کی مضبوطی ہماری ہی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ طب کا شعبہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور مشکل حالات میں کام کرنے والا یہ طبقہ ہمیشہ اللہ کی رضا کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

تقریب کے آخر میں پروفیسروں، نامور ڈاکٹروں اور مختلف طبی تنظیموں کے عہدیداران میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں جو شیخِ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان نے اپنے دستِ مبارک سے پیش کیں۔ کانفرنس کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کی خصوصی دعا پر ہوا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button