عدالت نے منشیات کیس میں جرم ثابت ہونے پر مجرم کو 9 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی

جہلم کی عدالت نے منشیات کیس میں جرم ثابت ہونے پر مجرم کو 9 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی عدالت نے منشیات کے مقدمہ نمبر 113/24 بجرم CNSA 9(i)3c تھانہ کالا گجراں میں جرم ثابت ہونے پر ملزم طیب حسین کو 9 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
ملزم طیب حسین پر منشیات فروشی کا ارتکاب کرنے کا الزام تھا، جس پر عدالت نے جرم ثابت ہونے کے بعد سزا کا فیصلہ دیا۔ ملزم کو سال 2024 میں منشیات فروشی کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جہلم پولیس نے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت پیش کیا، جس کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں عدالت نے قرار واقعی سزا سنائی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ منشیات فروش معاشرے کے لیے ناسور ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے پولیس انویسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کی شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفیکیٹ دینے کا اعلان کیا، جس سے قانون کے نفاذ اور معاشرتی تحفظ میں اضافے کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔



