موسم سرما کا آغاز؛ جہلم میں سوئی گیس بحران شدت اختیار کر گیا، صارفین بلبلا اٹھے

جہلم میں موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ ہی سوئی گیس کی شدید قلت نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ نے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ گیس پریشر میں کمی اور بعض علاقوں میں مکمل بندش کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
جہلم شہر کی مختلف آبادیوں میں پرانے اور بوسیدہ پائپ لائنوں کے باعث موسمِ سرما شروع ہونے سے پہلے ہی گیس کی فراہمی بری طرح متاثر ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں گیس کی عدم دستیابی سے گھروں کے اندر جھگڑے روز کا معمول بن چکے ہیں اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
گھریلو خواتین نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیس بندش کے باعث انہیں بچوں کے لیے ہوٹلوں سے مہنگے داموں ناقص اور مضر صحت کھانے خریدنے پڑ رہے ہیں، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح تباہ ہو چکا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عوام کے لیے مشکلات بڑھانے کے بجائے آسانیاں پیدا کرے، تاکہ زندگی معمول پر آسکے۔
خواتین نے وزیراعظمِ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ سوئی گیس کی بندش کے مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور متعلقہ حکام کو جہلم اور گردونواح میں گیس کی فراہمی بحال کرنے کی ہدایت جاری کریں، تاکہ موسمِ سرما میں عوام کو ریلیف مل سکے۔



