جہلم میں جامعہ علوم أثریہ کاسالانہ جلسہ تقسیم اسناد یکم نومبر بروز ہفتہ کو ہوگا، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: جامعہ علوم أثریہ جہلم میں 42واں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد و انعامات اور تقریبِ تکمیلِ صحیح بخاری شریف یکم نومبر بروز ہفتہ بعد از نماز عصر منعقد ہوگا۔

اس بابرکت موقع کی صدارت رئیس الجامعہ حافظ عبدالحمید عامر کریں گے جبکہ پروگرام رات گئے تک جاری رہے گا۔

پروگرام کا آغاز بعد نماز عصر ہوگا جس میں جامعہ کے شیخ الحدیث مولانا سیف اللہ عبدالرحیم اثری صحیح بخاری شریف کی آخری حدیث پر درسِ حدیث ارشاد فرمائیں گے۔ بعد از نماز عشاء شیخ الحدیث علامہ عبداللہ ناصر رحمانی (کراچی) "سیرت و فقاہتِ امام بخاریؒ” کے عنوان پر خصوصی خطاب کریں گے۔

اس موقع پر ممتاز علمائے کرام مولانا سید سبطین شاہ نقوی (سرگودھا)، مولانا حافظ یوسف پسروری، علامہ معتصم الٰہی ظہیر، قاری بنیامین عابد، قاری محمد یاسین حیدر (ڈیرہ غازی خان) اور مولانا سیف اللہ خالد ملتانی بھی خطاب کریں گے۔

جلسہ کے دوران جامعہ کے فارغ التحصیل طلباء کو اسنادِ فراغت دی جائیں گی جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

سالانہ جلسہ کے انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رئیس الجامعہ حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ مثبت اور خیرخواہانہ جذبے کے ساتھ معاشرے کی اصلاح اور تربیت اس سالانہ اجتماع کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے سامنے عقائدِ اسلام اور مسائلِ دین کو صحیح اور مستند انداز میں پیش کرنا جامعہ کی ہمیشہ سے روایت رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 42 سال سے بفضلِ باری تعالیٰ جامعہ علوم اثریہ اسی منہج اور اسلوب پر گامزن ہے اور دینی علوم کے فروغ اور علماء کی تیاری میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button